جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ہفتے کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے ساتھ ہی ڈی کوک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے جنوبی افریقی بیٹر بن گئے۔ انہوں نے اب تک جنوبی افریقا کی نمائندگی کرتے ہوئے 96 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں وہ 8 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں، جو کسی بھی جنوبی افریقی بیٹر کا اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ہے۔
جنوبی افریقا کے اینڈائل فیلوک وائیو 7 بار صفر پر آؤٹ ہو کر دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ٹمبا باووما، جے پی ڈومنی اور ریزا ہینڈرکس 6، 6 بار صفر پر آؤٹ ہو کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے صائم ایوب بھی جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں صفر پر آؤٹ ہوئے اور انہوں نے پاکستانی بیٹرز میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ صائم ایوب اپنے 51 ویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں 10 ویں بار صفر پر آؤٹ ہوئے، اس طرح وہ عمر اکمل کے برابر آگئے جو 84 میچز میں اتنی ہی بار صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی اور بابر اعظم 8، جبکہ کامران اکمل، محمد نواز اور محمد حفیظ 7، 7 بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






