معروف بھارتی کرکٹر سے متعلق بڑا انکشاف، مداحوں کے لیے اہم خبر

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج بلے باز سریش رائنا کو غیر قانونی سٹے بازی ایپ سے متعلق کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 13 اگست کو طلب کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رائنا سے یہ پوچھ گچھ دہلی میں ای ڈی کے ہیڈکوارٹر میں کی جائے گی۔ اس کیس میں سریش رائنا سمیت کئی دیگر کرکٹرز اور بالی ووڈ کی معروف شخصیات بھی زیر تفتیش ہیں۔

تحقیقات کا مرکز معروف آن لائن بیٹنگ ایپ 1xBET ہے، جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ سریش رائنا اس ایپ کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ متعدد اشتہارات کے ذریعے اس ایپ سے منسلک رہے ہیں۔

ای ڈی کی جانب سے کئی غیر قانونی بیٹنگ ایپس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، جن پر صارفین کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے اور ٹیکس چوری جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سریش رائنا بھارت کے لیے 18 ٹیسٹ، 221 ون ڈے اور 78 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جبکہ وہ آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کے نمایاں کھلاڑی بھی رہے ہیں۔

اس کیس میں کئی مشہور شخصیات کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ ماضی میں تلنگانہ پولیس نے اداکار رانا دگوبتی، پرکاش راج اور دیگر 25 شخصیات کے خلاف مقدمات درج کیے، جن پر غیر قانونی بیٹنگ ایپس کی تشہیر کا الزام تھا۔ اگرچہ ان اداکاروں نے کسی غلط کام سے انکار کیا اور کہا کہ وہ اب ان پلیٹ فارمز کی حمایت نہیں کرتے، پھر بھی انہیں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close