اولمپکس 2028 کرکٹ کوالیفکیشن: آئی سی سی فارمولے پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کا اعتراض

لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے مینز کرکٹ ٹیموں کی شرکت کے طریقہ کار پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فیصلہ کر لیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے ریجنل کوالیفائنگ فارمولہ اختیار کیا ہے، جس کے تحت ایشیا، اوشنیا، افریقہ اور یورپ سے ٹاپ رینکنگ ٹیمیں براہ راست اولمپکس میں شرکت کی اہل ہوں گی۔

میزبان ملک ہونے کی وجہ سے امریکا کو خود بخود اولمپکس میں جگہ مل گئی ہے، حالانکہ وہ رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہے۔ چھٹی ٹیم کے انتخاب کا طریقہ کار تاحال زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز نے آئی سی سی کے اس فارمولے پر تنقید کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس طریقہ کار سے ان جیسی ٹیموں کا اولمپکس میں براہ راست پہنچنا مشکل ہو جائے گا۔ اس وقت پاکستان آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں آٹھویں جبکہ بھارت پہلے نمبر پر ہے، لہٰذا بھارت ایشیا سے براہ راست کوالیفائی کرے گا۔

اوشنیا ریجن سے آسٹریلیا، جو رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے، کوالیفائی کرے گا، جب کہ نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہونے کے باوجود باہر ہو جائے گا۔ یورپ سے برطانیہ کی ٹیم اولمپکس میں شرکت کرے گی، تاہم اس کی تشکیل کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ویمنز ٹیموں کی کوالیفکیشن کا فیصلہ آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئی سی سی کے مجوزہ ریجنل کوالیفائنگ فارمولے کی توثیق کر دی ہے۔

یاد رہے کہ کرکٹ 128 سال بعد اولمپکس میں واپس آ رہی ہے، جہاں مینز اور ویمنز کی 6، 6 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close