شاہین آفریدی کو نیا نام مل گیا

کنگسٹاؤن: ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر اور مشہور کمنٹیٹر این بشپ نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ’بے بی اسٹارک‘ قرار دے دیا ہے۔

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے این بشپ نے شاہین آفریدی کا موازنہ آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک سے کیا اور انہیں محبت بھرے انداز میں ’بے بی اسٹارک‘ کہا۔

بشپ نے میچ کے دوران اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح اسٹارک نے صرف 15 گیندوں پر پانچ وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کے ٹاپ اور مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے بیٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ مچل اسٹارک کے ساتھ ساتھ پاکستان کے شاہین آفریدی کے خلاف بھی اپنے اسٹمپ کی خوب حفاظت کریں۔

انہوں نے ماضی کے لیجنڈ فاسٹ بولرز جیسے آسٹریلیا کے گلین میک گرا، ویسٹ انڈیز کے کرٹلی ایمبروز اور کورٹنی واش کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے اپنی قدآور جسامت اور مہارت سے بلے بازوں کو خوفزدہ رکھا۔

این بشپ کا کہنا تھا، ’’اب ہمارے پاس شاہین آفریدی ہے، اور میں نے سوچا کہ وہ بے بی اسٹارک ہیں۔‘‘

یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، اور اب تک وہ پاکستان کی جانب سے 31 ٹیسٹ، 64 ون ڈے اور 79 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، جن میں وہ مجموعی طور پر 345 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

شاہین کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں 2021 میں آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close