نیوزی لینڈبنگلہ دیش کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا، پاکستان چیمپئنز ٹرافی سے باہر

 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیپمئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔چیمپئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کی سیمی فائنل میں جانےکی رہی سہی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ اے کے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 47 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز زیادہ اچھا نہ رہا اور صرف 15 رنز پر ابتدائی 2 وکٹیں گرگئیں تاہم رچن رویندرا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سینچری اسکور کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

اننگز کا آغاز کرنے والے ول یونگ صفر، ڈیون کونوے 30، کین ولیمسن 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد رچن رویندرا نے ٹام لیتھم کے ساتھ ملکر 129 رنز کی اہم شراکت قائم کی، ٹام 55 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

تاہم، رچن رویندرا ڈٹے رہے اور اپنی کیریئر کی چوتھی سینچری مکمل کی، وہ 105 گیندوں پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ گلین فلپس 21 اور کپتان مائیکل بریسویل 11 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد ، ناہید رانا، رشاد حسین اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی اوپنر نجم الحسن شانتو اور تنزید حسن نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔

بنگلا دیش کی پہلی وکٹ 8.2 اوورز میں 45 کے مجموعی اسکور پر گری، اوپنر تنزید حسن 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، مہدی حسن میراز 13، توحید ہردوئے، 7 مشفق الرحیم 2، محمود اللہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تاہم کپتان نے جاکر علی کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور اپنی نصف سینچری مکمل کی، شانتو 77 رنز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ جاکر علی نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ رشاد حسین 26 اور تسکین احمد 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح بنگلادیش کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 236 رنز بناسکی اور کیویز کو جیت کے لیے 237 رنز کا ہدف دے دیا۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close