چیمپئنز ٹرافی سے قبل بابر اعظم کیلئے بری خبر

لاہور (پی این آئی) قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ون ڈے رینکنگ میں ممکنہ طور پر اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے ہیں۔

30 سالہ بابر اعظم اس ہفتے جاری ہونے والی ون ڈے رینکنگ میں 786 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر تھے، بھارت کے شبمان گل ان سے محض 5 پوائنٹس پیچھے دوسرے جب کہ بھارتی کپتان روہت شرما ان سے 13 پوائنٹس پیچھے تیسرے نمبر پر تھے۔بابر اعظم کو اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے سہ ملکی سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی ضرورت تھی تاہم وہ پہلے جنوبی افریقہ کیخلاف 23 اور آج فائنل میں نیوزی لینڈ کیخلاف 29 رنز سکور کرچکے جس کے بعد اب اس بات کا قوی امکان ہے کہ اگلے ہفتے جاری ہونے والی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اعظم چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپنے پہلی پوزیشن سے محروم ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم ہاشم آملا کے ساتھ ون ڈے کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 6000 رنز مکمل کرنے والے بیٹر بن گئے ہیں۔ بابر اعظم اس وقت 126 ون ڈے میچوں میں 56.11 کی متاثر کن اوسط سے 6003 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کے ریکارڈ میں 34 نصف سنچریاں اور 19 سنچریاں شامل ہیں۔30 سالہ بیٹر یہ کارنامہ سرانجام دینے والے 11ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں ، انضمام الحق 11701 ون ڈے رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جس کے بعد محمد یوسف (9554) اور سعید انور (8824) ہیں۔بابر اعظم جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے تیز ترین 6000 ون ڈے رنز بنانے کے ریکارڈ کو برابر کرچکے ہیں۔ ہاشم آملہ نے یہ سنگ میل 123 اننگز میں حاصل کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close