رکی پونٹنگ نے چیمپئنز ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کردی، سابق آسٹریلوی کپتان کا کہنا ہے کہ فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ہوسکتا ہے، پاکستان ٹیم بھی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، ان کے بارے میں زیادہ پیشگوئی نہیں کی جاسکتی۔
سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء نےآسٹریلیا اور بھارت کے درمیان فائنل کی پیشگوئی کردی ساتھ ہی میزبان پاکستان کے بھارت اور آسٹریلیا کیلئے چیلنج بننے کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔
رکی پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں میں کوالٹی پلیئرز ہیں، ان ٹیموں کی حالیہ تاریخ اور آئی سی سی ایونٹس میں کارکردگی سب کچھ واضح کرتی ہے، بھارت اور آسٹریلیا کو فائنلسٹ ٹیموں کیلئے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور ٹیم جو اس وقت کچھ اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے وہ پاکستان ہے، ان کی ون ڈے کرکٹ کچھ عرصے سے شاندار ہے، ہم جانتے ہیں کہ بڑے ٹورنامنٹ میں ان کے بارے میں زیادہ پیشگوئی نہیں کی جاسکتی، لگتا ہے پاکستان نے کچھ چیزوں کو بہت بہتر کرلیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا 19 فروری سے پاکستان میں آغاز ہورہا ہے، بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا جس پر ان کے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت یو اے ای میں کرائے جائیں گے، بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچی تو ٹائٹل مقابلہ دبئی میں ہوگا جبکہ دوسری صورت میں فائنل میچ پاکستان میں کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں