عمران خان کا 43 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور (پی این آئی) قومی ٹیم کے لیفٹ آرم سپنر نعمان علی نے لیجنڈری کرکٹر عمران خان کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا۔

نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک کا کارنامہ سرانجام دینے سمیت میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں ۔ 38 سالہ نعمان علی اب تک اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 19 میچز میں 24.75 کی اوسط سے 83 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔اپنے پچھلے 5 ٹیسٹ میچز میں نعمان علی نے محض 13 کی اوسط سے 43 وکٹیں حاصل کی ہیں جو مسلسل 5 ٹیسٹ میچوں میں کسی بھی پاکستانی بائولر کی جانب سے لی گئی دوسری سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔’گگلی ماسٹر عبدالقادر 1987ء میں مسلسل 5 میچز میں 18.3 کی اوسط سے 44 شکار کرکے پہلے نمبر پر ہیں۔ سابق کپتان وقار یونس 94-1993ء میں 5 میچز میں 12.1 کی اوسط سے 43 وکٹیں حاصل کرکے نعمان علی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

لیجنڈری کرکٹر اور 1992ء ورلڈ کپ کے فاتح کپتان عمران خان نے 1982ء میں مسلسل 5 ٹیسٹ میچز میں 11.9 کی اوسط سے 41 اور لیگ سپنر یاسر شاہ نے بھی 2017ء میں مسلسل 5 مقابلوں میں 23.2 کی اوسط سے 41 شکار کیے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close