لاہور (پی این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان چیمئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق یونس خان نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں چیمپینز ٹرافی کا انعقاد خوش آئند ہے، ٹرافی کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کردار قابل رشک رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کو فائنل فورمیں کھیلتا دیکھ رہا ہوں، خواہش ہے کہ پاک بھارت کرکٹ مستقل بنیادوں پر ہو بھارت کے خلاف کھیل کر اچھے کھلاڑی سامنے آتے ہیں۔یونس خان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ پاکستان چیمئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا، میں چاہتا ہوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقل بنیادوں پر کرکٹ مقابلوں کا انعقاد ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف کھیل کر آپ اچھے اور بڑے پلیئر بنتے ہیں، جب آپ بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیلتے ہیں تو فائدہ ہوتا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ کھلاڑی کا اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا سود مند فائدہ ہوتا ہے، ہم نے 9 برس بیرون ملک کرکٹ کھیلی، اسد شفیق اور اظہرعلی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے زیادہ تر پاکستان سے باہر کرکٹ کھیلی۔یونس خان نے سینئر بلے باز فخر زمان کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور ان کو پاکستان کرکٹ ٹیم میں ضرور شامل ہونا چاہیے، ٹیم کے لیے اچھی کارکر کے دکھانے والے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور اوپنر فخر زمان صائم ایوب کے ساتھ اچھا آغاز فراہم کرسکتے ہیں، اس ابتدائی جوڑی کی بدولت پاکستان ون ڈے کرکٹ میں 400 رنز تک کی اننگز کھیل سکتا ہے، ان دونوں کھلاڑیوں کو بطور اوپنر ہی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں