چیمپئنز ٹرافی کا ابتدائی شیڈول سامنے آگیا

لاہور (اپی این آئی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ابتدائی شیڈول سامنے آگیا، ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری سے متوقع ہے۔

نجی ٹی وی سماء نیوز کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کراچی میں کرائے جانے کا امکان ہے، افتتاحی میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان دوسرا میچ 24 فروری کو بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گا، ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ کو دبئی میں ہوگا۔چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 5 اور دوسرا 6 مارچ کو ہوگا، چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو شیڈول ہے۔

بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں میچز دبئی میں ہوں گے، اگر بھارت ناک آؤٹ مرحلے میں نہیں پہنچتا تو میچز لاہور میں ہوں گے۔لاہور کے نئے قذافی اسٹیڈیم میں پہلا میچ 22 فروری کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 25 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں مدِمقابل ہوں گی۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق آسٹریلیا اور جنوبی آفریقہ کی ٹیمیں 26 فروری کو راولپنڈی میں ان ایکشن ہوں گی۔ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 27 فروری کو قذافی اسٹیڈیم اور 28 فروری کو افغانستان اور آسٹریلیا راولپنڈی میں کھیلیں گی۔ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش جبکہ دوسرا میچ 23 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔ ایونٹ کے گروپ مرحلے کا آخری میچ 2 مارچ جنوبی آفریقہ اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں