چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ، پاکستان نے اپنا مؤقف واضح کردیا

اسلا م آباد(پی این آئی)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے ایک نیا فارمولا زیر غور ہے اور اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ دوسری طرف چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان نے اپنا مؤقف واضح کردیا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اس بار پاکستان کے پاس ہے لیکن بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا جبکہ پی سی بی نے کسی ہابرڈماڈل ماننے سے انکار کیا۔ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بغیر کسی ٹھوس وجہ کے پاکستان ٹورنامنٹ کو نیوٹرل وینیو پر نہیں لے کر جائے گا اور اگر آئی سی سی نے نیوٹرل وینیو پر جانے کا کہا تو پاکستان کبھی بھی بھارت جاکر نہیں کھیلے گا۔ہفتے کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے تعین سے متعلق ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی دوسری بورڈ میٹنگ ملتوی ہوئی تھی۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط طور پر مان گیا ہے، پاکستان کی شرط ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے لیے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا، اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان کیلئے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیئے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیےایک نیا فارمولا زیر غورہے اور ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے واضح کر دیا کہ پاکستان کو پیسے نہیں بلکہ اپنی عزت اور وقار عزیز ہے، معاملہ حل کرنے کے لیے برابری کی بنیاد پر نیا فارمولہ طے کرنا ہو گا، حل اسی صورت میں ممکن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close