لاہور (پی این آئی) پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ سینیئر کھلاڑی جیسے کہ بابر اور رضوان کی ٹیم میں ایک اہمیت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے سالوں تک کارکردگی دکھائی ہے۔
ؤ
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بابر اعظم اس وقت تمام فارمیٹس میں خراب فارم سے گزر رہے ہیں، حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وہ مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 47 رنز بنا سکے۔اس سیریز میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بابر کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے گزشتہ دنوں سابق کرکٹر باسط علی نے دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اس فارمیٹ میں بابر کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔
باسط علی نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا کہ عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد بابر کا یہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ہو سکتا ہے کیوں کہ عاقب بابر کے ناقدین میں سے ایک ہیں۔عاقب جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باسط کے اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد کیا اور بابر کی قومی ٹیم کے لیے سالوں کی خدمات کو یاد دلایا۔عاقب جاوید نے کہا کہ سینیئر کھلاڑی جیسے کہ بابر اور رضوان کی ٹیم میں ایک اہمیت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے سالوں تک کارکردگی دکھائی ہے۔ ہر شخص کی اپنی رائے ہوتی ہے لیکن ہمارا فوکس کسی انفرادی کھلاڑی کو نشانہ بنانے پر نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں