چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی یا نہیں، فیصلہ کس طرح ہو گا؟

لاہور (پی این آئی) آئندہ سال فروری 2025 میں کھیلی جانے والی چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کا شیڈول تاحال سامنے نہیں آسکا جبکہ اس تنازع پر آئی سی سی بورڈ ممبرز کے درمیان ووٹنگ کا امکان بھی بڑھنے لگا۔

نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق دورہ پاکستان سے بھارتی انکار نے آئندہ برس شیڈول چیمپئینز ٹرافی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وجوہات جاننے کے لیے 10 روز قبل آئی سی سی کو خط لکھا تھا مگر اس پر چپ سادھ لی گئی ہے، اگر کوئی ایک ملک کھیلنے سے انکار کرے تو ایونٹ میں 9 ویں نمبر کی ٹیم کو شامل کر لیا جاتا ہے لیکن آئی سی سی سمجھتی ہے کہ بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ پھیکا پڑ جائے گا اور آمدنی بْری طرح متاثر ہوگی لہذا معاملات ابھی تک الجھے ہوئے ہیں۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ آئی سی سی پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور اب اس معاملے کو ووٹنگ کے لیے بورڈ ممبران کے پاس لے جانے کا امکان بڑھ چکا ہے، پاکستان نے آئی سی سی سے تحریری انکار کی کاپی مانگی تھی تاکہ وجوہات کا جائزہ لے سکے۔ذرائع کے مطابق اس معاملے میں بی سی سی آئی کی جانب سے کسی قانون اور ضابطہ کی پابندی نہیں کی گئی، اسی لیے اب آئی سی سی حکام جواب دینے کے حوالے سے خاصے محتاط ہیں، وہ سردست اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ 10 دن پہلے موصول ہونے والی پی سی بی کی ای میل کا جواب دے سکیں۔

پاکستان آنے سے انکار کی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ابھی تک کوئی تحریری وجہ ہی بیان نہیں کی، اس لیے پاکستان کا کیس مضبوط دکھائی دیتا ہے، ملک میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹرافی ٹور بھی جاری ہے، قذافی اسٹیڈیم کے ساتھ راولپنڈی اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی تعمیراتی کام تیزی سے ہورہا ہے، ماضی میں کوئی ایسی روایت نہیں کہ ایک ٹیم کے انکار پر پورا ایونٹ ہی کسی دوسری جگہ منتقل کردیا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا کہ وہ کسی بھی صورت میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت سے نیوٹرل وینو پر میچز کے لیے تیار نہیں ہوگا۔دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی کو بیک چینل سے آئی سی سی حکام ہائبرڈ ماڈل پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انھیں بی سی سی آئی کے خلاف بیان بازی سے گریز کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close