لندن (پی این آئی) چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ٹورنامنٹ کے تنازع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) دیگر بورڈز کو بھی اعتماد میں لینے لگا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گذشتہ روز لندن میں انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ کے سربراہ رچرڈ تھامسن سے ملاقات کی، انہوں نے چیمپئنز ٹرافی تنازع پر انھیں اعتماد میں لیتے ہوئے موقف سے آگاہ کیا، رچرڈ نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی شاندار رہا تھا۔
چیمپئینز ٹرافی کیلئے ہماری نیک تمنائیں میزبان کے ساتھ ہیں، محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے تیارہے، اسٹیڈیمز کو جدید انداز میں اَپ گریڈ کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیموں کی سیکیورٹی کے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔رچرڈ تھامسن نے حالیہ دورے کے دوران شاندار مہمان نوازی پر محسن نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع سے دعویٰ کیا کہ ماسٹرسیکیورٹی پلان کی قبولیت کے بعد اب بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت کے پاس ٹیم پاکستان نہ بھجوانے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز باقی نہیں ہے۔
پلان کا ڈرافٹ 10 اکتوبر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی بھیجا گیا، 21 تاریخ کو آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بھارت سمیت کسی ممبر ملک کی جانب سے کوئی اعتراض نہیں کیا گیا، اس لیے اب اگر بھارتی حکومت اور بورڈ سیکیورٹی کو جواز بناکر پاکستان نہ آنے کا کہتے ہیں تو انھیں کلین چٹ ملنا آسان نہیں ہوگا۔بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو آئی سی سی کے ساتھ بورڈ ممبران کی جانب سے سخت مزاحمت کاسامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں