چیمپئینز ٹرافی، بھارت نے پاکستان سے میزبانی چھیننے کامنصوبہ بنالیا

نئی دہلی (پی این آئی) آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں پہلے آنے سے انکار کے بعد اب بھارت نے پاکستان سے ایونٹ کی میزبانی چھیننے کا بھی منصوبہ بنالیا ہے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق چیمپئینز ٹرافی میں سیکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکاری بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کے تاحال کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کی صورت میں میزبانی کیلئے ”خود” کو پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پاک بھارت میچ نہ ہونے پر آئی سی سی براڈ کاسٹرز کو زرتلافی ادا کرے گا، جس کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مذاکرات جاری ہیں۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی ایونٹ میں شریک بورڈ ممبرز سے مشاورت کا عمل تیز کردیا ہے تاکہ بھارتی لابی کو سبق سکھایا جاسکے۔خیال رہے کہ بھارتی ٹیم نے 16 سال قبل ایشیاکپ کیلئے 2008 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد متعدد بار سیکیورٹی ایشوز کا کہہ کر دورہ کرنے سے صاف انکار کردیا جبکہ قومی ٹیم نے 2023 ورلڈکپ کیلئے بھارت کا دورہ کیا تھا۔قبل ازیں فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستان کو میزبانی کی آئی سی سی بورڈ ممبرز میٹنگ میں متفقہ منظوری دی گئی تھی جبکہ اکتوبر 2024 میں ایونٹ کے ابتدائی شیڈول پر بھی بورڈ میٹنگ میں سوال نہیں اٹھایا گیا تھا تاہم بھارت نے دھوکا دہی کرتے ہوئے اچانک ایونٹ کے آغاز سے محض چند مہینوں پہلے ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close