چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل مسترد کرنے پر میزبانی کس ملک کو مل سکتی ہے؟

ممبئی (پی این آئی)آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ہائبرڈ ماڈل کی بازگشت سنائی دے رہی ہے تاہم پاکستان ایونٹ کی پوری میزبانی اپنے ملک میں کرنے پر بضد ہے لیکن بھارتی میڈیا نے نیا شوشہ چھوڑ دیاہے کہ پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر رضا مند نہ ہونے پر ٹورنامنٹ جنوبی افریقہ منتقل ہو سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی پاکستان میں ایونٹ کی میزبانی کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی بورڈ دباؤ دے رہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے اور اسکے میچز وہاں منتقل کردیے جائیں۔رپورٹس کے مطابق اگر پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کیا تو میزبانی بھی چھین سکتی ہے جبکہ ٹورنامنٹ کو جنوبی افریقہ منتقل کیا جاسکتا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے بھارت کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے کیلئے اہم پیشکش کی گئی ہے جس سے پاکستان کی میزبانی کے حقوق کو بھی برقرار رکھا جاسکے، وہ یہ ہے کہ بھارتی ٹیم کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیے جائیں جبکہ ممکنہ طور پر فائنل میزبانی لاہور کے پاس ہی رہے۔

تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے آپشن پر کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی ہے اور نہ پاکستان اس پر غور کررہا ہے نہ کسی کو توقع رکھنی چاہیے۔ ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے انہیں مطلع کیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم چیمپئینز ٹرافی کیلئے پاکستان نہیں بھیجیں گے، البتہ ایشیاکپ کی صورت میں ہائبرڈ ماڈل پر ٹورنامنٹ کروایا جائے گا تو ٹیم شرکت کرسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close