بھارت کے انکار کے بعد کس بڑی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں شامل کیا جائیگا؟‎

لاہور (پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے بھر پور تیاریاں کر رہا ہے اوراس صورتحال میں بھارتی ٹیم کے آنے سے انکار پر پاکستان نے بھی سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور بھارت کی جگہ رینکنگ میں موجود نویں نمبر کی ٹیم کو مدعو کر نے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ سری لنکا ہوگی یا ویسٹ انڈیز ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرتے ہوئے آئی سی سی کے قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے بھارت کے نہ آنے کی صورت میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی کو ہدایت کی کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی میں شریک ہونے سے انکار کی ٹھوس وجوہات پوچھی جائیں ۔

تاہم، قانون انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ٹاپ 8 میں سے کسی بھی ٹیم کے انکار کی صورت میں رینکنگ میں موجود نویں نمبر کی ٹیم کو مدعو کرے جو قانون کے مطابق خود بخود اس ایونٹ کھیلنے کی اہل ہوجاتی ہے۔آئی سی سی ون ڈے رینکنگ 2023 میں نویں نمبر پر سری لنکا کی ٹیم موجود تھی، یعنی بھارت اگر انکار کردیتا ہے تو سری لنکا کو طلب کیا جاسکتا ہے لیکن یہ فیصلہ آئی سی سی کے لیے اتنا بھی آسان نہیں ہوگا۔

حکومت نے بورڈ کو پیغام دیا کہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام کو اعتماد میں لیکر دیگر بورڈز سے بھی رابطہ کرے اور بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کیلئے کام کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں