حارث رؤف نے آسٹریلوی بیٹنگ خامیوں کو ایکسپوز کردیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ حارث رؤف کے پیس نے آسٹریلوی بیٹنگ کی خامیوں کو ایکسپوز کردیا۔

آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو میں جیسن گلیسپی نے کہا کہ ہم یہ جانتے تھے کہ آخری میچ کےلیے آسٹریلوی ٹیم میں تبدیلیاں ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے ذہن میں ہمیشہ یہ بات ہوتی ہے کہ پرتھ میں وہ اپنے بڑے فاسٹ باؤلرز میدان میں اتاریں گے۔

پاکستانی کوچ نے یہ بھی کہا کہ لیکن یہ سلیکٹرز اور کوچز پر منحصر ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو کیسے مینج کرتے ہیں، آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف یہی کچھ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حارث رؤف کے پیس نے آسٹریلوی بیٹنگ کی خامیوں کو ایکسپوز کیا، حقیقت یہی ہے کہ ہمیں پہلا میچ بھی جیتنا چاہیے تھا۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ ہم یہی کر سکتے ہیں کہ ہمارے سامنے کوئی بھی حریف ٹیم ہو ان کے خلاف اچھا کھیلیں، بڑی خوشی کی بات ہے کہ ہم نے آسٹریلیا کو صرف ہرایا نہیں بلکہ بڑے واضح مارجن سے شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آپ کو اپنے پلیئرز کو زیادہ سے زیادہ فٹ رکھنے کی کوشش کرنی ہوتی ہے، یہ بڑی غیر حقیقی بات ہے کہ آپ ہر میچ میں ہر ایک کھلاڑی کو کھلائیں۔پاکستانی کوچ نے کہا کہ ہر میچ میں ہر کھلاڑی کو کھلانا قابل عمل نہیں، اس سے کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہو سکتے ہیں، اس سیریز میں ہماری بولنگ آسٹریلوی بیٹنگ کی خامیوں کو سامنے لے کر آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ آسٹریلوی ٹیم ان خامیوں کو بہتر کرنے کی کوشش کرے گی، اچھے کھلاڑی اور ٹیمیں ایسا ہی کرتی ہیں، آپ سیکھتے ہیں اور نئے چیلنج کےلیے تیاری کرتے ہیں۔

جیسن گلیسپی نے کہا کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز آسٹریلیا کی بہت زیادہ ترجیحات میں شامل نہیں تھی، ایمانداری سے کہوں تو کرکٹ آسٹریلیا نے ہمارے ون ڈے سیریز کی اتنی پروموشن نہیں کی جو کہ حیران کن تھا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا بھارت کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی پر زیادہ ترجیح دے رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں