چیمپئنز ٹرافی، پاکستان میں کھیلنے سے متعلق بھارتی کپتان کا ردعمل آگیا

نئی دہلی(پی این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا پاکستان میں چیمئنز ٹرافی سے متعلق بیان سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کے حوالے سے خبریں سامنے آ رہی ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔دو روز قبل بھارتی میڈیا پر یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہو گا، بھارت کے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم اس حوالے سے جب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ابھی تک بی سی سی آئی یا آئی سی سی کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا، ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہو گا اور ہم نے اپنی تیاری جاری رکھی ہوئی ہے، ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی اور ہر مرتبہ پاکستان سے خیر سگالی کی توقع نہ رکھی جائے۔

اب پاکستان میں چیمئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران جب روہت شرما سے سوال پوچھا گیا کہ کیا بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی تو اس پر روہت شرما کا کہنا تھا یہ فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز نے کرنا ہے، ہمارے ہاتھ میں تو ہے نہیں، ہم تو ٹورنامنٹ کے لیے آگے کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں۔بھارتی کپتان کا کہنا تھا ہمیں تو بورڈ جہاں بھیجتا ہے ہم کھیلنےکیلئے پہنچ جاتے ہیں، اگر بورڈ نے پاکستان بھیجا تو ہمیں وہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close