اسلام آباد(پی این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے وفد نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دے دیا۔
پاکستان کے دورے پر آنے والے آئی سی سی کے وفد میں آئی سی سی کی سینئر منیجر ایونٹس سارہ ایڈگر ، ایونٹ منیجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان، سکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر اور براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل ہیں۔دورہ پاکستان کے دوران آئی سی سی وفد نےچیمپئنز ٹرافی 2025 کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سکیورٹی کے انتظامات پر بھی بات ہو ئی جس دوران آئی سی سی کے وفد نے کراچی اور راولپنڈی میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی وفد کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے عالمی معیار کے انتظامات کی یقین دہانی کروائی ہے، چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ا سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا اور تمام ٹیموں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد ایک اعزاز ہے، جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کے مطابق انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں، تمام ٹیموں کے کھلاڑی پرامن اور محفوظ ماحول میں کرکٹ کے کھیل کو انجوائے کریں گے، گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن کے بعد سہولیات عالمی معیار کی ہوں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں