پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلش ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلش ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، فاسٹ بولر مارک ووڈ کہنی کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے، وہ اس سال کے بقیہ حصے میں کوئی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق مارک ووڈ کہنی کی انجری کے باعث نہ صرف پاکستان کے دورے سے باہر ہوئے ہیں بلکہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔ای سی بی کے مطابق مارک ووڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم انہوں نے اس انجری کے باوجود سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں حصہ لیا۔ای سی بی کے مطابق حالیہ ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق ان کی دائیں کہنی “اسٹریس انجری” کا شکار ہے۔

ای سی بی کے مطابق مارک ووڈ نے کہا ہے کہ وہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل فٹنس کے ساتھ واپسی کیلئے پر امید ہیں۔ای سی بی نے مزید کہا کہ مارک ووڈ کی انجری پر ماہرین کی جانب سے نگرانی کی جا رہی ہے اور ان کی بحالی کا عمل جاری ہے۔انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ مارک ووڈ کو صحتیاب ہونے کیلئے مکمل آرام اور طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہے تاکہ وہ مکمل طور پر فٹ ہو کر دوبارہ ٹیم کا حصہ بن سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close