دبئی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت متعدد پاکستانی شخصیات کو ’یوم آزادی ایوارڈ‘ سے نواز دیا۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی پاکستانی شخصیات کو یوم آزادی ایوارڈ دیا گیا۔یہ ایوارڈ پانے والوں میں سکواش چیمپئن جہانگیر خان اور سٹار ہاکی پلیئر شہباز احمد و دیگر شامل ہیں۔ شاہد آفریدی کے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے، جس میں سابق کرکٹر کو متحدہ عرب امارات کے حکام کی طرف سے یہ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ”اتنا بڑا مجمع دیکھ کرمجھے بہت اچھا لگا۔ یہ میرے لیے اور پاکستان کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔ اس ایونٹ کے انعقاد پر میں پاکستانی کمیونٹی اور اماراتی حکومت کا شکرگزار ہوں۔“متحدہ عرب امارات رہائش پذیر پاکستانیوں کو پیغام دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ”آپ دنیا میں کہیں بھی رہو، بحیثیت پاکستانی آپ اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہو۔ اس لیے پاکستان کا عزت و وقار آپ کے ہاتھ میں ہے۔ چنانچہ پیار محبت سے رہیں اور یہاں کے قوانین کا احترام کریں۔“
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں