اسلام آباد(پی این آئی)انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ کے اہلخانہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی موت خودکشی کے باعث ہوئی ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق گراہم تھورپ کے اہلخانہ نے اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ڈپریشن اور بے چینی کے باعث سابق کرکٹر نے خودکشی کی۔ گراہم تھورپ کی موت کی خبر کی تصدیق انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے گزشتہ ہفتے کی تھی تاہم اُن کی اہلیہ اور بیٹیوں نے سابق انگلش کرکٹر مائیکل ایتھرٹن کو اخبار ٹائمز کے انٹرویو میں بتایا کہ گراہم تھورپ کی موت خودکشی کے باعث ہوئی۔ سابق کرکٹر کی اہلیہ امینڈا تھورپ نے انٹرویو میں بتایا کہ ’گزشہ کچھ برسوں سے گراہم شدید ڈپریشن اور بے چینی کا شکار تھے۔
اس کی وجہ سے انہوں نے مئی 2022 میں اپنی جان لینے کی کوشش کی جس کے باعث انہیں لمبے عرصے تک آئی سی یو میں رہنا پڑا۔‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’امید کی کرن کے باوجود گراہم ڈپریشن اور بے چینی کا شکار رہے جو کبھی کبھی شدید ہو جاتی۔ ہم نے بطور اہلخانہ اُن کی مدد کی اور ان کا کافی علاج کروایا لیکن بدقسمتی سے کچھ کام نہ آیا۔‘ امینڈا گراہم نے مزید کہا کہ ’گراہم کرکٹ فیلڈ پر ذہنی طور پر مضبوط مانے جاتے تھے اور اُن کی جسمانی صحت بھی بہت اچھی تھی لیکن ذہنی بیماری حقیقی بیماری ہے اور کسی پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں