بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی پیشکش قبول کرلی

لاہور(پی این آئی) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم جلد پاکستان بھجوانےکی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پیشکش قبول کرلی۔

بنگلادیش کرکٹ ٹیم 17 اگست کے بجائے اب 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہےکہ بنگلا دیش کی مینز کرکٹ ٹیم تبدیل شدہ پروگرام کے تحت اب 13 اگست کو لاہور پہنچےگی۔یاد رہےکہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آرہی ہے جو راولپنڈی اور کراچی میں بالترتیب 21 سے 25 اگست اور 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کو پہلے17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا، بنگلا دیش ٹیم اب 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔ ٹیم 14 سے 16 اگست تک قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی اور 17 اگست کو اسلام آباد جائےگی اور 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کرےگی۔ڈھاکا میں حالیہ واقعات کی وجہ سے بنگلا دیش ٹیم کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں، لہٰذا پی سی بی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو اپنی ٹیم پہلے بھیجنے کی دعوت دی تھی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انہیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچوں سے قبل مناسب ٹریننگ کے مواقع میسر ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close