شاہد آفریدی کا ایک اور بڑا ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور (پی این آئی) انگلینڈ کے نوجوان بلے باز ہیری بروک نے ناٹنگھم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن اپنی پانچویں ٹیسٹ سنچری درج کی۔

یہ 25 سالہ نوجوان کا گھر پر پہلا ٹیسٹ تھا اور یہ اننگز خاص طور پر اس لیے قابل ذکر تھی کیونکہ یہ پانچ نصف سنچریوں اور 85 کے سب سے زیادہ سکور کے بعد آئی تھی ۔ ہیری بروک نے 62ویں اوور میں جوزف کی گیند پر صرف 118 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔ ان کی کارکردگی نے انگلینڈ کو ٹیسٹ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جیڈن سیلز نے بروک کی اننگز کا خاتمہ 109 کے شاندار اسکور پر وکٹ کیپر جوشوا ڈا سلوا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونے کے ساتھ کیا۔ ہیری بروک نے 23 اننگز کھیلی ہیں جہاں انہوں نے 62.54 کی اوسط اور 90.70 کے سٹرائیک ریٹ سے 1376 رنز بنائے ہیں۔

25 سالہ نوجوان بیٹر کسی بھی بلے باز کے لیے 1000+ ٹیسٹ رنز کے ساتھ سب سے زیادہ سٹرائیک ریٹ کے حامل ہوگئے ہیں۔ ان کے پیچھے دوسرے نمبر پر پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی ہیں جنہوں نے 86.97 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 1716 رنز سکور کیے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ میں کم از کم 1000 رنز سکور کرنے والے بیٹرز میں انگلینڈ کے بین ڈکٹ 85.53 کے سٹرائیک ریٹ سے 1614 رنز سکور کرکے تیسرے، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی 82.95 کے سٹرائیک ریٹ سے 2098 رنز بنا کر چوتھے ، بھارت کے وریندر سہواگ 82.23 کے سٹرائیک ریٹ سے 8586 رنز بنا کر پانچویں جب کہ سابق آسٹریلین وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ 81.95 کے سٹرائیک ریٹ سے 5570 رنز سکور کرکے چھٹے نمبر پر ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close