پی سی بی نے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کوبڑا جھٹکا دیدیا

لاہور (پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کینیڈا میں ہونے والی گلوبل ٹی 20کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلوبل ٹی 20کیلئے پی سی بی کو بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی جانب سے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔پی سی بی نے ٹیم کی غیرمعمولی مصروفیت، ان تینوں کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ان تینوں کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 9 ٹیسٹ کھیلنے ہیں، اس کے علاوہ آئندہ سال آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی بھی کھیلنی ہے جس کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے، اس طرح پاکستان اس عرصے میں 9 ٹیسٹ، 14 ون ڈے انٹرنیشنل اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گا لہٰذا تینوں کرکٹرز تینوں فارمیٹ کے کرکٹرز ہیں اور پاکستان کو آئندہ 8 ماہ میں ان کی خدمات درکار ہوں گی۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی ورک لوڈ منیجمنٹ پالیسی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ یہ کھلاڑی کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ کو چھوڑ دیں تاکہ وہ سیزن کیلئے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی حالت میں ہوں جس کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close