چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا معاملہ، بھارتی میڈیا کے اندر سے آوازیں اٹھنے لگیں

لاہور (پی این آئی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلیے پاکستان جانے کی آوازیں خود ان کے اپنے میڈیا میں اٹھنے لگی ہیں۔

موقر بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان جاکر چیمپئنز ٹرافی کھیلنی چاہیے۔ اخبار لکھتا ہے کہ کھیلوں کو ہمیشہ سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔اگر بھارتی ٹیم پاکستان گئی تو اس سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی حالات بھی بہتر ہوں گے۔ ٹائمز آف انڈیا نے مزید کہا کہ سیاسی وجوہات کی بنا پر کھیلوں کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ کھیلوں کے مقابلے کا بائیکاٹ کرنا محض دکھاوا ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان آئندہ سال فروری مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن ہے تاہم بھارت نے اس شو پیس ایونٹ کو سبوتاژ کرنے کے لیے روایتی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔

بھارت نے اب تک اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے اور بی سی سی آئی نے حسب سابق گیند ایک بار پھر حکومتی کورٹ میں ڈالتے ہوئے ٹیم کی پاکستان آمد کو حکومتی رضامندی سے مشروط کیا ہے۔ گزشتہ دنوں کچھ بھارتی میڈیا کے حلقوں نے بلیو شرٹس کے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے پاکستان نہ جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے میچز دبئی یا سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں