ویب ڈیسک(پی این آئی)قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے شان مسعود کو کپتان برقرار رکھنے اور وائٹ بال فارمیٹ کیلئے محمد رضوان کو کپتان بنانے کی حمایت کی ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران سرفراز نواز نے قومی سلیکشن کمیٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پوری سلیکشن کمیٹی کو نااہل کرنے کا مطالبہ کیا۔سرفراز نواز نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران سارے ممبرز نے تسلیم کیا تھا کہ قومی ٹیم کا انتخاب اتفاق رائے سے کیا گیا لہٰذا کمیٹی کا ہر رکن سلیکشن کا ذمہ دار ہے، سلیکشن کمیٹی نے اجتماعی طور پر نااہلی کا مظاہرہ کیا لہٰذا سب کو برطرف کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ذکا اشرف اور محسن نقوی کو وہاب ریاض کی غیر ذمہ دارانہ صلاحیتوں سے متعلق خطوط لکھے جس کاریکارڈ بھی میرے پاس موجود ہے لیکن میری تجویز پر کسی نے عمل نہیں کیا، اچھی طرح جانتا تھا کہ وہاب کسی بھی طرح سلیکٹر، ایڈوائزر اور مینیجر کی ذمہ داری اٹھانے کے قابل نہیں۔
سرفراز نواز نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف وہاب اور عبدالرزاق جیسے افراد کی برطرفی کافی نہیں، اگر ہم سسٹم کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں تو بڑی سرجری کی ضرورت ہے، قومی ٹیم کیلئے 3 رکنی سلیکشن کمیٹی ہونی چاہیے، صرف وہاب ریاض اور عبد الرزاق کو نکالنا کافی نہیں، اسد شفیق جو کہ خاموش تماشائی ہیں اور محمد یوسف بھی سلیکشن کمیٹی کے اہل نہیں۔سرفراز نواز نے ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں محمد رضوان کی کامیاب پرفارمنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں وائٹ بال فارمیٹس کے لیے کپتانی دینے کی حمایت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں