شاہین پرکوچز سے برے رویےکے الزام کی اصل حقیقت سامنے آگئی

کراچی(پی این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پر کوچز سے مبینہ طور پر برے رویےکے الزام کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ان کے رویے کے حوالے سے شکایت کی گئی تھی کہ ان کا کوچز سے رویہ مناسب نہیں تھا ۔اس حوالے سے مزید چھان بین کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ شاہین آفریدی کی بیٹنگ کوچ محمد یوسف سے تلخی ہوئی تھی جو شدت اختیار کر گئی تھی، واقعہ ورلڈ کپ میں نہیں بلکہ اس سے قبل انگلینڈ کے دورے کے موقع پر پیش آیا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہےکہ ہیڈنگلے میں نیٹ پریکٹس کے دوران بیٹنگ کوچ محمد یوسف، فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی نو بالز کی نشاندہی کررہے تھے، بار بار نشاندہی پر شاہین آفریدی ناراض ہوئے اور اس موقع پر دونوں کے درمیان بحث ہوئی جو شدت اختیار کرگئی تھی ۔

بعد ازاں ٹیم منیجمنٹ نے شاہین آفریدی کی سرزنش کی، شاہین آفریدی کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوا جس پر انہوں نے ٹیم کے سامنے محمد یوسف سے معافی مانگی تھی۔ شاہین آفریدی کی جانب سے معافی مانگنےکے بعد منیجمنٹ نے معاملے کو رفع دفع کردیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ منیجمنٹ کی نظر میں یہ واقع “ہیٹ آف دی مومنٹ” تھا اور اسے غیر معمولی تصور کرنے کا کوئی جواز نہ تھا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close