وہاب ریاض اور رزاق کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے پر شاہد آفریدی کا ردعمل بھی آگیا

ویب ڈیسک(پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اتنا کھلا چانس کسی کو نہیں ملا جتنا کپتان بابراعظم کو ملا ہے۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کھیلنے کے لیے لندن میں موجود شاہد آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتنا کھلا چانس کسی کپتان کو نہیں ملا، ورنہ جیسے ہی ورلڈ کپ ختم ہوتا ہے سب سے پہلے کپتان کے اوپر چھری پھیری جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی کپتانی کی ہے جیسے کہ یونس خان ہے، مصباح الحق ہے مگر کافی عرصہ ہوگیا بابر کو کافی چانس مل گئے ہیں لہٰذا اب ایک ہی دفعہ سرجری کریں اور جس کو بھی لے کر آرہے ہیں اسے پورا ٹائم دیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بابراعظم نے تو دو تین ورلڈکپ سمیت دو تین ایشا کپ کھیلے جہاں اسے کافی زبردست موقع ملا۔قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض اور عبد الرزاق کو سبکدوش کیے جانے کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ ایمانداری کی بات ہے یہ والی سرجری مجھے سمجھ میں نہیں آئی۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سبکدوش کردیا گیا۔وہاب ریاض اور عبدالرزاق سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں رہے، ان کی سبکدوشی کے بعد محمد یوسف اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں جب کہ بلال افضل بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close