آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا مجوزہ شیڈول سامنے آ گیا

لاہور (پی این آئی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا مجوزہ شیڈول سامنے آ گیا، پی سی بی نے گزشتہ ہفتے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔

چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں کھیلی جائے گی، جبکہ ایونٹ میں یکم مارچ کو پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز لاہور میں ہی کھیلے گی۔آئی سی سی کے اعلان سے پہلے منظر عام پر آنے والے تفصیلی شیڈول کے مطابق پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش گروپ اے میں شامل ہیں، جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان گروپ بی میں شامل ہیں۔میزبان پاکستان ٹیم تینوں وینیوز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں گروپ میچز کھیلے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔

20 فروری کو لاہور میں انڈیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کا میچ ہوگا، 22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔23 فروری کو لاہور میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کا میچ ہوگا جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں میچ کھیلیں گی۔25 فروری کو لاہور افغانستان اور انگلینڈ کے میچ کی میزبانی کرے گا، 26 فروری کو راولپنڈی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا میچ ہوگا۔ذرائع کے مطابق27 فروری کو لاہور میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کا میچ ہوگا، 28 فروری کو راولپنڈی میں افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میچ کھیلیں گی۔

یکم مارچ کو پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان میچ لاہور میں ہوگا جبکہ دو مارچ کو راولپنڈی میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کا میچ ہوگا۔5 مارچ کو پہلا سیمی فائنل کراچی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو راولپنڈی میں رکھا گیا ہے۔پہلا سیمی فائنل گروپ اے کی ٹاپ ٹیم اور گروپ کی نمبر 2 ٹیموں کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل گروپ بی کی نمبر ون اور گروپ اے کی نمبر ٹو کے درمیان کھیلا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 مارچ کوچیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close