نئی دہلی (پی این آئی ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلے ہی ڈرافٹ تاریخیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو جمع کرادی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق ہوسکتا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ نہ کرے۔
سپورٹس میڈیاپر ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستان پاکستان میں ہونے والے میگا آئی سی سی ایونٹ میں نہیں کھیلے گا جو 19 فروری سے شروع ہوگا اور اس کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ “ٹورنامنٹ کی تفصیلات پر ابھی تک بات نہیں ہوئی ہے تاہم اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان کا سفر کرے گی۔ بالآخر فیصلہ ہندوستانی حکومت پر منحصر ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ رواں ماہ سری لنکا میں ہونے والی آئی سی سی کی میٹنگ میں اس مسئلے کو اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ “اس معاملے پر حکومت کا فیصلہ حتمی ہوگا کیونکہ ہم نے ابھی تک اندرونی طور پر اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
چونکہ یہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے ہمارے پاس کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ تاہم آئی سی سی کی اگلی میٹنگ کے دوران مزید تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔ 2008ء کے بعد سے ہندوستان نے پاکستان کا سفر نہیں کیا اور 13-2012ء میں دو طرفہ سیریز کے لیے صرف ایک بار ملاقات کی۔ اگرچہ بھارت کو ایشیا کپ کے لیے 2023ء میں پاکستان کا سفر کرنا تھا، یہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ موڈ میں ہوا جس میں فائنل سمیت بھارت کے میچ سری لنکا میں کھیلے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے اپنا ڈرافٹ پیش کیا تھا جہاں بورڈ نے سات میچ لاہور، پانچ راولپنڈی اور تین کراچی کو تفویض کیے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں