انڈیا کیخلاف میچ کا حصہ کیوں نہیں تھا؟ بنگلہ دیش کے نائب کپتان نے خاموشی توڑ دی

ڈھاکہ(پی این آئی)بنگلہ دیش نے نائب کپتان تسکین احمد کو حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف سپر ایٹ مرحلے کے اہم ترین میچ سے ڈراپ کر دیا تھا کیونکہ مبینہ طور پر دیر سے جاگنے کی وجہ سے ان کی بس چھوٹ گئی تھی۔

کرکٹ کی خبروں کے متعلق رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ کرک بُز کی رپورٹ میں کیے گئے اس دعوے کو تسکین احمد نے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی وجہ دیر تک سونا نہیں تھی بلکہ ٹیم کے کامبی نیشن کی وجہ سے وہ اس اہم ترین میچ کا حصہ نہیں تھے۔ واضح رہے کہ 22 جون کو نارتھ ساؤنڈ انٹیگا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو 50 رنز سے شکست دی تھی۔ بنگلہ دیشی ٹیم میں اس میچ میں صرف ایک تبدیلی تسکین احمد کی جگہ جیکر علی کو شامل کر کے کی گئی تھی۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق تسکین احمد نے ڈھاکہ کے ایک اخبار اجکر پتریکا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں ٹاس سے تقریباً 30 سے 40 منٹ پہلے گراؤنڈ پر پہنچ چکا تھا، میری ٹیم کی بس چھوٹ گئی تھی، بس ہوٹل سے صبح 8:35 پر روانہ ہوئی اور میں صبح 8:43 پر گراؤنڈ کے لیے روانہ ہوا، میں بس کے ساتھ ساتھ ہی تقریباً سٹیڈیم پہنچ گیا تھا۔‘ انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید کہا کہ ’ایسا نہیں ہے کہ انہوں (بس) نے مجھے اٹھایا نہیں بلکہ میں ویسے ہی تاخیر کے ساتھ سٹیڈیم پہنچا تھا کیوںکہ میں نے میچ نہیں کھیلنا تھا۔‘ تسکین احمد نے اس کے بعد 24 جون کو افغانستان کے خلاف بنگلہ دیش کے اگلے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں واپسی کر لی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close