شاہد آفریدی کو “ڈفر” کہہ دیا گیا، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

کراچی(پی این آئی) شاہد آفریدی کو “ڈفر” کہہ دیا گیا، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔۔۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کبھی اپنے کھیل کو لے کر تو کبھی متنازع بیانات کی وجہ سے ہمیشہ سے ہی خبروں کی زینت رہے ہیں تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے، جہاں خاص طور پر تحریک انصاف کے حامی صارفین اور سیاستدان انہیں آڑے ہاتھوں لینے سے باز نہیں آتے۔چند دن قبل سابق وفاقی وزیر زرتاج گل نے کہا تھا کہ شاہد آفریدی مر کر دوبارہ بھی پیدا ہو جائیں تو عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور اب سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا ایک بیان وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے شاہد آفریدی کو” ڈفر “قرار دیا ہے۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران صحافی اجمل جامی نے فواد چودھری کے سامنے چند شخصیات کے نام رکھتے ہوئے ان کے بارے میں فواد چودھری سے رائے مانگی،

ان افراد میں شیر افضل مروت، شہریار آفریدی، شبلی فراز، بابر اعظم اور شاہد آفریدی شامل تھے۔فواد چودھری نے کہا کہ شیر افضل مروت ایک بلبلہ تھا جو بلبلے کی طرح بیٹھ گیا اور ختم ہو گیا، شہریار آفریدی ایک عزت دار آدمی ہیں، شبلی فرازکے بارے میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کبھی بھی آدمی کو اپنی صلاحیت سے زیادہ ٹاسک نہیں لینے چاہئیں۔بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان بابر اعظم کو ہی رہنا چاہیے کیونکہ ان کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے، شاہین شاہ آفریدی کی پی ایس ایل میں کارکردگی سب کے سامنے ہے، جب ان سے شاہد آفریدی کے بارے میں پوچھا گیا تو فواد چودھری نے کہا کہ وہ ڈفر آدمی ہیں، انہیں پتا ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا باتیں کررہے ہیں۔فواد چودھری کے بیان کے بعد پی ٹی آئی اور شاہد آفریدی کے حامی سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئے، کسی نے فواد چودھری کو تنقید کا نشانہ بنایا تو کوئی ان کے بیان کا حامی نظر آیا۔ ایک صارف نے فواد چودھری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو ڈفر بولنے سے پہلے اپنے آپ کو دیکھیں۔محمد عبداللہ صفدر لکھتے ہیں کہ شاہد آفریدی نے کئی مواقع پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے جبکہ فواد چودھری کا واحد کارنامہ بینچ فکسنگ کے ذریعے مقدمات جیتنا ہے،

وہ بھی جب ان کے انکل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تھے۔حمزہ خان نے فواد چودھری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ شاہد آفریدی پر تنقید کرنیوالے یہ خود ایک بزدل اور غدار شخص ہیں۔ایک ایکس صارف نے فواد چودھری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے بارے میں بالکل ٹھیک بات کی ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں شاہد آفریدی کی ایک متنازع تصویر سوشل میڈیا پر زیر بحث رہی ہے، جس میں وہ برطانیہ میں اسرائیل نواز تنظیم کے ایک گروپ کے ساتھ نظرآ رہے تھے۔انھوں نے اپنی اس تصویر پر وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ تصور کریں کہ آپ برطانیہ کی ایک گلی میں ٹہل رہے ہیں اور کچھ نام نہاد پرستار سیلفی لینے کے لیے آپ کے پاس آتے ہیں اور آپ ان کی بات مان لیتے ہیں۔ چند لمحوں بعد وہ اس کو صہیونیت کی توثیق کی شکل دے کر اپ لوڈ کردیتے ہیں۔شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں معصوم جانوں کی تکلیف کو دیکھنے سے دل کو صدمہ پہنچاتا ہے لہٰذا مانچسٹر میں کسی ایسی تنظیم کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کو میری کسی قسم کی حمایت نہیں سمجھا جا سکتا، سابق کپتان نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں شائقین کے ساتھ تصویریں کھنچواتے ہیں اور یہ صورتحال بھی مختلف نہیں تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close