عمر اکمل نے انضمام کا بیان جھٹلادیا

کراچی(پی این آئی)عمر اکمل نے انضمام کا بیان جھٹلادیا۔۔۔قومی کرکٹر عمر اکمل نے معروف اینکر تابش ہاشمی کے پروگرام ہارنا منع ہے” میں بتا یا تھا کہ انہوں نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے دور میں فٹنس ٹیسٹ پاس کیا تھا جس کے بعد انہیں ٹیم کے ساتھ بیرون ملک دورے پر بھیجا گیا تھا لیکن وہا ں ہیڈ کوچ نے فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے نام پر انہیں واپس بھیج دیا تھا ۔ اس بیان پر انضمام الحق نے رد عمل دیتے ہوئے تابش ہاشمی کے پروگرام کو ”تین عورتیں تین کہانیاں” قرار دیا اور کہا کہ عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر جب واپس بھیجا گیا تو انہوں نے مجھ سے مل کر وجہ بتا ئی تھی کہ پاکستان میں جب آپ کے سامنے فٹنس ٹیسٹ کلئیر کیا تھا تو اس کے بعد 2ہفتے تک اپنی اہلیہ کی طبیعت خراب ہونے پر ورزش نہیں کی تھی جس کی وجہ سے باہر جا کر فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی ہوئی لیکن اس پر عمر اکمل نے کہا کہ میں نے انضمام الحق سے ایسی کوئی بات نہیں کی ،

وہ پاکستان کے لیجنڈ کھلاڑی ہیں انہیں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے ، اگر میں نے اس کا جواب دیا تو اچھا نہیں ہو گا ۔واضح رہے کہ تابش ہاشمی کے پروگرام میں عمران نذیر ، احمد شہزاد اور انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق بیٹھ کر کرکٹ پر تجزیہ کرتے تھے اور اب عمر اکمل اور احمد شہزاد پروگرام میں آتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close