ٹی 20 ورلڈ کپ،ایک اورٹیم نےسیمی فائنل میں جگہ بنا لی

ویب ڈیسک(پی این آئی)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں سنیٹ لوشیا میں مدمقابل تھیں جہاں کینگروز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے 41 گیندوں پر 92 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جبکہ سوریا کمار یادیو 31 اور دوبے 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ہاردک پانڈیا نے ناقابل شکست 17 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور مارکس سٹونس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا سکی۔آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ٹریوس ہیڈ 76 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بیٹرز میں مچل مارش نے 37 اور میکسویل نے 20 رنز کی اننگ کھیلی۔بھارت کی جانب سے ارشدیب سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کلدیپ یادیو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ کینگروز کے لیے اگلے مرحلے میں پہنچنا کافی مشکل ہو گیا ہے اور اب آسٹریلیا کو بنگلادیش اور افغانستان کے میچ پر انحصار کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ بھارتی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم بن چکی ہے ، اس سے قبل انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ ٹاپ فور میں جگہ بنا چکی ہیں۔

close