سابق بھارتی کرکٹر گھر کی بالکونی سے گر کر ہلاک ہوگیا

بنگلورو(پی این آئی)سابق انڈین فاسٹ بولر ڈیوڈ جانسن گھر کی بالکنی سے گر کر ہلاک ہو گئے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 52 سالہ ڈیوڈ بینگلور میں واقع اپنے اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے گرے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ انڈین پولیس کے مطابق ’لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ پتا لگایا جا سکے کہ یہ حادثہ تھا یا خودکشی۔‘ پولیس نے کہا کہ ’ان کے خاندان کے کسی بھی فرد نے کسی قسم کا کوئی شبہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ بظاہر یہ ایک حادثہ ہے، اس واقعے کا کوئی عینی شاہد بھی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی خودکشی کا نوٹ ملا ہے۔‘ انڈین میڈیا کے مطابق گذشتہ ہفتے جانسن کو پیٹ میں شدید درد کی شکایت کے بعد سینٹ فیلومینا کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔

ایک سینیئر پولیس اہلکار نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ جانسن اپنے شہر میں انسداد منشیات کے ایک مرکز میں بھی جا رہے تھے۔ قبل ازیں کرناٹک سٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ ڈیوڈ جانسن کے اہل خانہ اور دوست انہیں قریبی ہسپتال میں لے کر آئے تھے جہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا۔ ڈیوڈ جانسن کرکٹ کی دنیا میں اپنی رفتار کے لیے مشہور تھے۔ وہ کرناٹک کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے باعث انڈیم ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے 96-1995 کے رنجی ٹرافی سیزن میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا جس میں انہوں نے کیرالہ کے خلاف 152 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close