پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دیدی

فلوریڈا(پی این آئی)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیمیں فلوریڈا کے لارڈہل میں مدمقابل تھیں جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر آئرش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آئرش بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی۔ آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 106 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور محض 57 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ تاہم، قومی ٹیم نے 107رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 18.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 34 گیندوں پر 32 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، صائم ایوب اور عباس آفریدی نے 17، 17 رنز کی اننگ کھیلی۔ شاہین آفریدی نے 5 گیندوں پر 13رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ، ان کی اننگ میں دو چھکے بھی شامل تھے۔ آج کے میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور نسیم شاہ کی جگہ عباس آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ مذکورہ میچ محض رسمی تھا کیونکہ آئرلینڈ اور پاکستان کا ایونٹ میں سفر اختتام پزیر ہوچکا ہے۔

close