کامران اکمل نے معافی مانگ لی

لاہور(پی این آئی)کامران اکمل نے معافی مانگ لی….پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر و بیٹر کامران اکمل نے سکھوں کے بارے میں نسل پرستانہ اور متنازع بیان دینے پر معافی مانگ لی ہے۔کامران اکمل نے سکھوں کے بارے میں متنازع بیان دینے کے بعد منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں سکھ کمیونٹی اور انڈیا کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ سے معافی مانگ لی۔

کامران اکمل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں اپنے حالیہ بیانات پر پچھتا رہا ہوں اور میں تہہ دل سے ہربھجن سنگھ اور سکھ کمیونٹی سے معافی مانگتا ہوں۔‘انہوں نے مزید لکھا کہ ’میرے الفاظ غیر موزوں اور بداخلاقی پر مبنی تھے۔ میرے دل میں دنیا بھر کے سکھوں کے لیے بہت پیار ہے اور میری نیت کبھی کسی کا دل دکھانے کی نہیں ہوئی۔ میں سچے دل سے معذرت خواہ ہوں۔‘خیال رہے کہ کامران اکمل نے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران نجی ٹی وی چینل کی ٹرانسمیشن میں انڈین بولر ارشدیپ سنگھ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نسل پرستانہ جملہ کہا تھا۔

کامران اکمل نے ارشدیپ سنگھ کے بارے میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ’کچھ بھی ہو سکتا ہے، 12 بج گئے ہیں۔‘اس دوران اُن کے ساتھ بیٹھے صحافی شاہد ہاشمی نے کہا کہ ’کسی سکھ کو نہیں دینا چاہیے 12 بجے اوور۔‘کامران اکمل کے اس بیان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ہربھجن سنگھ نے بھی سابق وکٹ کیپر پر شدید تنقید کی۔یاد رہے کہ اتوار کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرا دیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close