اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف میچ میں وکٹیں گرنے سے ہم نے مومینٹم پھر کھودیا، ہمیں مڈل آرڈر کو بہتر کرنا پڑے گا اور بولنگ میں بھی بہتری کی ضرورت ہے۔
ڈیلس میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ابتدا کے چھ اوورز میں مشکل تھی مگر پھر ہم نے کم بیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری اور شاداب کی شراکت لگی جس کے بعد دو وکٹ گرگئیں، وکٹیں گرنے سے ہم نے مومینٹم پھر کھودیا۔ بابر اعظم نے کہا کہ اس پچ پر ہماری بولنگ کے مطابق اسکور مناسب تھا، ہمیں بولنگ میں بھی بہتری کی ضرورت ہے۔ کپتان بابراعظم نے مزید کہا کہ پہلے 6 اوورز میں ہماری بولنگ اچھی نہیں تھی، اگلے میچز میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ جیت کا تمام کریڈٹ امریکی ٹیم کو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم صرف 13 رنز بناسکی۔ ڈیلس میں گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے،کپتان بابر اعظم 44 اور شاداب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مارا اور میچ برابر ہوگیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں