کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنانے پر قتل کی دھمکیاں دی گئیں،سابق کرکٹر کا تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنانے پر انہیں قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سائمن ڈول کو آئی پی ایل 2024 کے دوران ویرات کوہلی کے اسٹرائیک ریٹ پر تنقید کرنے پر کرکٹر کے مداحوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔کرک بز کو دیے گئے انٹرویو میں سائمن ڈول نے کہا کہ میں ویرات کوہلی کے بارے میں ہزار اچھی باتیں کرلوں کوئی نہیں دیکھتا لیکن جیسے ہی ایک منفی بات کرتا ہوں تو مجھے مارنے کی دھمکیاں ملتی ہیں۔سائمن ڈول نے کہا کہ میں کسی پر ذاتی تنقید نہیں کرتا نہ ہی میرا ایسا کوئی مقصد ہوتا ہے، ویرات کوہلی سے میری اچھی بات چیت ہے اورہمارے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سائمن ڈول کو پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو بھی تنقید کانشانہ بنانے پر فینز نے آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ علاوہ ازیں گزشتہ سال سائمن ڈول کو پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے میچ کے دوران فاسٹ بولر حسن علی کی اہلیہ سامعہ پر نامناسب طریقے سے تبصرہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close