شاہین کی نائب کپتانی سے معذرت، انکار کیوں کیا؟

کراچی(پی این آئی)قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نائب کپتانی سے معذرت کی جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں۔شاہین آفریدی کی جانب سے قومی ٹیم کا نائب کپتان بننے سے انکار کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی جب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ شروع ہونے میں چند روز باقی ہیں۔ٹیم ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی فی الحال یہ عہدہ لینے کے لیے تیار نہیں ہیں اور شاہین آفریدی کے انکار کے بعد محمد رضوان ٹیم کے نائب کپتان کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی کا کہنا تھا شاہین شاہ آفریدی حال ہی میں اپنے ساتھ پیش آئے کپتانی کے معاملے کو لیکر بہت سنجیدہ تھے اور جس طرح ان سے 5 میچوں کے بعد کپتانی واپس لی گئی تو اس کے بعد انہوں نے ٹیم کے اتحاد کو خراب کرنے کے بجائے اپنی توجہ کرکٹ پر مرکوز رکھنے کا فیصلہ کیا۔عبد الماجد بھٹی کا کہنا تھا شاہین آفریدی کے سسر شاہد آفریدی بھی گاہے بگاہے انہیں رہنمائی فراہم کرتے رہتے ہیں اور شاہد آفریدی نے انہیں سمجھایا کہ آگے آپ کو کپتانی کے بہت مواقع ملیں گے، فی الحال کرکٹ پر توجہ دیں، جب آپ پرفارم کریں گے تو کپتانی خود آپ کے پاس آئے گی۔سینئرصحافی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے آخری دو میچز جو پاکستان نے جیتے دونوں میں شاہین آفریدی مین آف دی میچ رہے اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی شاہین آفریدی نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ٹیم میں اختلافات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عبد الماجد بھٹی کا کہنا تھا قومی ٹیم میں اس وقت بہت زیادہ اتحاد ہے، یہی وجہ ہے کہ شاہین آفریدی نے کپتانی سے ہٹائے جانے کے باوجود کھیل پر توجہ رکھی، وہ ٹیم کے اتحاد پر اثر انداز نہیں ہونا چاہتے اور چاہتے ہیں کہ ٹیم کو اپنی کارکردگی سے جتواتے رہیں، شاہین آفریدی اپنی کپتانی کو لیکر میڈیا پر چلنے والے تنازعات سے نکل کر پرفارمنس پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close