باکسر عامر خان ایک دن کیلئے پاک فوج کے اعزازی کیپٹن بن گئے

اسلام آباد(پی این آئی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو پاک فوج نے ایک دن کے لیے اعزازی کیپٹن کے رینک لگا دیے۔

باکسر عامر خان کو باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کے اعتراف پر کیپٹن کے اعزازی رینک لگائےگئے۔ باکسر عامر خان کو اعزازی کیپٹن کے رینک لگانے کے لیے تقریب منعقدکی گئی۔ اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج یہ اعزاز ملنےکے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں، یونیفارم پہن کر رینک لگا کر وہی خوشی محسوس کر رہا ہوں جیسی عالمی چیمپئن بننے پر ہوئی۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہےکیونکہ یہ ہمارا فخر ہے، پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہیے، میرا ارادہ ہےکہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیاں کھولی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن ہم ان شاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری آج آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی، میں پاک فوج کا شکر گزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی، ہم لوگ پاکستان آتے ہیں تو پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں