ثانیہ مرزا بھی سیاست میں قدم رکھنے کو تیار، کہاں سے الیکشن لڑیں گی؟ بڑی خبر آگئی

حیدر آباد (پی این آئی) سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں سابقہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا نام بطور امیدوار تجویز کردیا۔

ثانیہ مرزا ممکنہ طور پر بھارتی سیاست میں قدم رکھنے کے لئے تیار ہیں۔منی کنٹرول کی ایک رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر ثانیہ مرزا آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر حیدرآباد سے امیدوار کے طور پر کھڑی ہورہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کے مدمقابل کانگریس پارٹی ثانیہ مرزا کو انتخابی دنگل میں اتارنے پر غور کر رہی ہے۔خیال رہے کہ ثانیہ مرزا کے انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب گزشتہ روز کانگریس سینٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) نے چار ریاستوں گوا، تلنگانہ، یوپی اور جھارکھنڈ سے اپنے 18 امیدواروں کے ناموں کی منظوری کے لئے اجلاس منعقد کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اجلاس میں ثانیہ مرزا کا نام بھی زیر غور لایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق آئندہ انتخابات میں امیدوار کے لئے ثانیہ مرزا کا نام سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے تجویز کیا ہے۔ محمد اظہر الدین، ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کے شوہر محمد اسد الدین کے والد ہیں۔ دونوں سابق کھلاڑیوں کے درمیان قریبی خاندانی تعلقات ہیں۔ دوسری جانب سیاسی پنڈتوں کا خیال ہے کہ کانگریس ثانیہ مرزا کی شہرت اور مقبولیت کو استعمال کرتے ہوئے حیدرآباد میں قدم جمانا چاہتی ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس جماعت حیدرآباد سے آخری بار 1980ء میں رکن پارلیمنٹ کی نشست پر انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں