پاکستان کرکٹ بورڈ  نے حارث رئوف کو خوشخبری سنا دی

لاہور (پی این آئی) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاہے کہ حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا گیا۔

 

 

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا گیا ہے، حارث رؤف کی انجری کا علاج انشورنس سے ہوگا، حارث رؤف ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں ان کی فکر ہے، کرکٹ بورڈ کا پیسہ کھلاڑیوں پر خرچ ہوگا،کسی کے لیے کوئی چھوٹ نہیں این او سی کے حوالے سے، میں کسی کی سفارش نہیں لوں گا۔محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کوئی بینک نہیں کہ اس میں منافع کمانا ہے، اس کا کام ہے کہ جو بھی منافع ہو وہ کرکٹ اور اس کی بہتری پر لگے گا، اگر پیسے ہیں تو کرکٹ کے مسائل حل ہونے چاہیے اور اچھے کوچز کو آنا چاہیے، کپتان کے اوپر کام کر رہے ہیں، ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، کرکٹ میں پیرا شوٹرزا کی گنجائش کم سے کم ہوگی، پیسہ ضرور لگے گا اور کرکٹ پر لگے گا۔

 

 

 

میں چیئرمین کی طاقت کا استعمال کروں گا اور پی سی بی کی بہتری کے لیے کام کروں گا، ہماری ٹیم کے پاس اور نا میرے پاس جادو کا چراغ ہیں، ٹیم کی کارکردگی بہتر ہونے میں تھوڑا وقت لگتا ہے اگر چیزیں طویل مدت میں ٹھیک ہوں گی تو ہی 90 کی دہائی والی ٹیم واپس آئے گی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ کوچز کے لیے ایک پینل بنے گا جو پاکستان کی کوچنگ کریں گے، سلیکشن کمیٹی ہی کپتان اور کوچز کا فیصلہ کرے گی، انہی لوگوں نے ساتھ میں کام کرنا ہے، کچھ اچھا برا ہوگا تو اسی ٹیم کو کریڈٹ جائے گا، میں کرکٹ کا ماہر نہیں ہوں ،میرے ساتھ بیٹھے لوگ ماہر ہیں یہ دیکھیں گے سب، میں ان ماہرین کا مقابلہ نہیں کرسکتا ، یہ کام کریں گے اور بہترین نتائج دیں گے۔

 

 

 

کپتان کو سلیکشن ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کپتان جب بن جاتا ہے تو اس کو آپ کہتے ہیں کہ تم نے جیتنا ہے، اگر اس کی کوئی رائے نہیں ہوگی اور اس کو آپ ٹیم دے دیتے ہیں تو یہ اس کے ساتھ زیادتی ہوگی، اس کی رائے ہونا انتہائی ضروری ہے، ایسا کیسے ہوسکتا کہ اس کی رائے نا ہو بس اس سے مشاورت کرلی جائے، کپتان کے حوالے سے مجھے نہیں پتا کیمپ ختم ہونے پر یہ فیصلہ ہوجائے گا، ہم جو فیصلہ کریں گے اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پی ایس ایل کی بات جہان تک رہی ہم ویمن لیگ بھی چاہتے ہیں کہ وہ ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں