پی ایس ایل 9 کی پہلی ٹیم جس نے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا

اسلام آباد(پی این آئی)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 20 رنز سے شکست دے کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

 

 

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کیا۔ملتان سلطانز اور کراچی کنگز دونوں نے اپنی ٹیم میں دو، دو تبدیلیاں کیں۔کنگز میں کیرون پولارڈ اور انور علی کی جگہ لوئس ڈپلائے اور میر حمزا شامل ہوئے۔سلطانز نے آفتاب ابراہیم اور شاہ نواز دھانی کی جگہ کرس جارڈن اور ڈیوڈ ویلے کو ٹیم میں شامل کیا ۔ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، عثمان خان نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

 

 

 

یہ ان کی پی ایس ایل میں دوسری سنچری ہے۔اس کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے 58 اور ریز ہینڈرکس نے 13 رنز بنائے، افتخار احمد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے مزرابانی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ملتان سلطانز کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی۔شعیب ملک 38 اور شان مسعود 36 رنز بناکر نمایاں رہے، عرفان خان 23 ، حسن علی 17 اور لیوس ڈوپلوئے 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز وینس 7 اور ٹم سیفرٹ ایک رن بنا سکے۔اس کے علاوہ محمد نواز 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈیوڈ ولی، محمد علی ، کرس جارڈن اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

 

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 7 میچز میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے اور وہ پی ایس ایل سیزن 9 میں پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔دوسری جانب کراچی کو 6 میں سے صرف 2 میچز میں کامیابی ملی ہے اور 4 میں اسے شکست ہوئی ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کا پہلا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا دوسرا اور پشاور زلمی کا تیسرا نمبر ہے ۔اسلام آباد کی چوتھی ،کراچی کی پانچویں اور لاہور قلندرز کی چھی پوزیشن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close