دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا پی ایس ایل 9میں سفر تمام ہوگیا

لاہور (پی این آئی ) دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا پی ایس ایل 9 میں سفر تقریباً تمام، ملتان سلطانز نے بھی قلندرز کو ہوم گراونڈ پر پچھاڑ دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ شاہین آفریدی نے 4 کے مجموعے پر کپتان محمد رضوان کو بولڈ کردیا۔ رضوان اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ اس کے بعد عثمان خان نے پہلے 40 رنز بنانے والے ریزا ہینڈرکس کے ساتھ 70، پھر 21 رنز بنانے والے طیب طاہر کے ساتھ 77 جبکہ افتخار احمد کے ساتھ 60 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 200 سے اوپر پہنچا دیا۔ عثمان خان 55 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو جبکہ کارلوس بریتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ لی۔ رواں ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں اپنے پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہیں جس میں لاہور قلندرز کوئی میچ نہیں جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر 0 پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن ہے۔ ملتان سلطانز کو ایک میچ میں شکست ہوئی جبکہ چار میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، رسی وین ڈیر ڈوسن، کامران غلام، سکندر رضا، جارج لنڈے، کارلوس براتھویٹ، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، سلمان فیاض، زمان خان پر مشتمل ہے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، عثمان خان، رضا ہینڈرکس، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، اسامہ میر، آفتاب ابراہیم، فیصل اکرم، محمد علی، شاہنواز دہانی شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں