شائقین کرکٹ کیلئے بُری خبر، نامور کرکٹر پر 17سال کی پابندی لگا دی گئی

دبئی(پی این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے برطانوی کلب کرکٹر رضوان جاوید پر اماراتی کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر ساڑھے 17 سال کی پابندی لگائی ہے۔

کرکٹ ویب سائیٹ کرک انفو کے مطابق اینٹی کرپش کوڈ کے تحت سنائی گئی یہ دوسری بڑی سزا ہے۔ رضوان جاوید کا شمار ان آٹھ کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن پر ستمبر 2023 میں آئی سی سی کی جانب سے فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ 2021 میں ابوظبی میں ہونےوالی ٹی ٹین لیگ میں رضوان جاوید اور باقی سات کھلاڑیوں پر مالی بدعنوانی کے الزمات عائد کیے گئے تھے۔ 2017 میں زمبابوے کے کرکٹر راجن نیئر پر 20 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جو کہ کسی بھی کرکٹر کو سنائی گئی سب سے طویل سزا ہے۔ ٹی 10 لیگ اور سی شائر لیگ کے دوران رضوان جاوید چیڈل ہمل کرکٹ کلب اور پونے ڈیولز کرکٹ کلب کے ساتھی کھلاڑیوں کو بدعنوانی پہ آمادہ کرنے کے الزامات پر زیر تفتیش تھے۔

قبل ازیں گذشتہ سال آئی سی سی نے کھیل کو کرپشن آلودہ کرنے کی کوششوں ناکام بنایا تھا اور اس معاملے پر بنگلہ دیش کے کھلاڑی ناصر حسین سمیت آٹھ لوگوں پر فرد جرم عائد کیا تھا۔ ناصر حیسن کو تحقیقات میں تعاون کرنے کی وجہ سے کم سزا (دو سال کی پابندی) دی گئی تھی جبکہ جاوید کے معاملے میں ایسا نہیں ہوا۔ آئی سی سی کے مطابق رضوان جاوید نے کرپشن اور کرپشن پر اکسانے کے الزامات کی تحقیقات میں کونسل کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا۔

close