کراچی کنگز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا خراب ترین اعزاز اپنے نام کرلیا

لاہور (پی این آئی ) کراچی کنگز پی ایس ایل میں سب سے زیادہ شکستیں کھانے والی ٹیم بن گئی، پاکستان سپر لیگ کی 9 سالہ تاریخ میں کراچی کنگز کے علاوہ کسی دوسری ٹیم کو 40 شکستوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 9 کا 17 فروری سے باقاعدہ آغاز ہو چکا۔ ٹورنامنٹ میں اب تک تمام ٹیمیں اپنا پہال میچ کھیل چکیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے پہلے میچ میں فاتح رہیں، جبکہ لاہور قلندرز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ روز ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے میچ میں پی ایس ایل کی 9 سالہ تاریخ کا ایک اہم ریکارڈ بھی بن گیا۔ گزشتہ روز کے میچ کے دوران پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی کوئی ٹیم 40 میچز ہارنے کا ان چاہا ریکارڈ اپنے نام کر بیٹھی۔ ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد پی ایس ایل کی 9 سالہ تاریخ میں کراچی کنگز کی شکستوں کی تعداد 40 ہو گئی۔ جبکہ دیگر ٹیموں کی فتوحات اور شکستوں کے اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں۔

 

 

 

سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کے باعث شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی فرنچائز پشاور زلمی کے پاس پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے کا اعزاز ہے، اس نے 49 میچز میں کامیابی سیمٹی ہے۔ فہرست میں دوسرے نمبر پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 2 بار 2016ء اور 2018ء کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ ہے جس نے اب تک 48 میچز میں کامیابی سیمٹی ہے۔ سال 2022ء اور 2023ء میں نوجوان کپتان شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹائٹل اپنے نام کرنے والی لاہور قلندرز اور سابق کپتان سرفراز احمد کی 2019ء کی پی ایس ایل چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں 39، 40 فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ 2021ء میں کامیابی کے بعد 2022ء اور 2023ء کا فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم فتوحات کے معاملے میں چوتھے نمبر پر موجود ہے، جس نے 38 کامیابیاں سمیٹ رکھی ہیں۔ 2020ء میں عماد وسیم کی قیادت میں ٹرافی جیتنے والی کراچی کنگز کی ٹیم آخری نمبر پر موجود ہے، جس نے9 سیزن میں محض 32 فتوحات سمیٹی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں