بابراعظم نے پی ایس ایل کا تاریخی اعزاز اپنے نام کرلیا

لاہور (پی این آئی) لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سیزن 9 کے دوسرے میچ کے دوران پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں تاریخ رقم کردی۔

29 سالہ کھلاڑی پی ایس ایل میں 3000 رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ پی ایس ایل میں ابھی تک کسی دوسرے بلے باز نے 2500+ رنز بھی عبور نہیں کیے ہیں۔دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 207 رنز ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔بابر اعظم نے اب تک پی ایس ایل میں 80 اننگز میں 44.16 کی اوسط اور 125.49 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 3003 رنز بنائے ہیں۔ ان کے نام 29 نصف سنچریاں اور ایک سنچری ہے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں زیادہ رنز سکور کرنے والے بیٹرز میں فخر زمان 2381 رنز کے ساتھ دوسرے، شعیب ملک 2082 رنز کے ساتھ تیسرے، محمد رضوان 1996 رنز سکور کرکے چوتھے، کامران اکمل 1972 رنز بنا کر 5 ویں، رائلی روسوو 1881 رنز سکور کرکے چھٹے، محمد حفیظ 1731 رنز بنا کر 7 ویں، سرفراز احمد 1503 رنز کے ساتھ 8 ویں، شین واٹسن 1361 رنز کے ساتھ 9 ویں جب کہ شان مسعود 1318 رنز بنا کر 10 ویں نمبر پر ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close